تاریخ / مقام: اسلام آباد
دفاعی ڈیسک — G24 News Online
تفصیل:
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ایک اہم اور ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کا ایک اور مکروہ فالس فلیگ آپریشن دنیا کے سامنے مکمل طور پر بے نقاب کر دیا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے بھارتی حکومت اور ملٹری کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لیے زندہ اور خیریت سے موجود پاکستانی سابق فوجی حوالدار محمد آصف کو خود میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔
بھارتی فالس فلیگ آپریشن اور جھوٹا پروپیگنڈا
پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا کہ 29 ستمبر کی رات مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کور نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے دعویٰ کیا کہ جوائنٹ سرچ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا ہے۔ اس کے ساڑھے سات گھنٹے بعد 30 ستمبر کو یہ دعویٰ کیا گیا کہ مارا گیا شخص لشکرِ طیبہ کا دہشت گرد ہے جس کی شناخت “محمد آصف الیاس عرف ہاشم موسیٰ” کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق پاکستان سے ہے۔ بعد ازاں بھارتی حکومت نے مزید ڈرامہ رچاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ شخص دراصل ایس ایس جی کا حوالدار ہے اور اس کے کارنامے بہت بڑے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے انکشافات کو غلط ثابت کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ بھارت کیسا ملک ہے جو فیک آپریشنز میں کامیابی کے دعوے کرتا ہے، اور اگر آپریشن “شیرووالی” مئی میں شروع ہوا تھا تو کیا انہیں اس میں کامیابی چھ ماہ بعد ملی؟ اس موقع پر میڈیا کے سامنے موجود سابق ایس ایس جی حوالدار محمد آصف نے بتایا کہ انہوں نے 2008 میں فوج جوائن کی تھی اور 2023 میں ریٹائر ہو چکے ہیں، اس وقت وہ راولپنڈی میں اپنی فیملی کے ساتھ پرسکون زندگی گزار رہے ہیں۔ آصف موسیٰ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ اپنے گھر میں موجود ہیں تو بھارتی فوج نے انہیں کیسے شہید کر دیا؟ انہوں نے اس جھوٹے پروپیگنڈے اور بھارتی فالس فلیگ آپریشن کی شدید مذمت کی۔
بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی کا مرکز بن چکا ہے
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی پھیلانے کا مرکز بن چکا ہے اور اس نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی دہشت گردی بھی دراصل بھارت کا ہی پاکستان مخالف ایک اور چہرہ ہے۔ کلبھوشن یادو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلبھوشن زندہ ہو یا مردہ، یہ بھارت کے منہ پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔
بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو جواب دردناک ہوگا
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کے دفاع کے عزم کو دہراتے ہوئے کڑے الفاظ میں خبردار کیا کہ اگر بھارت نے کوئی بھی حماقت یا مہم جوئی کی تو اس بار پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا جواب انتہائی دردناک ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست ہے تو سیاست ہے اور ریاست ہے تو جمہوریت ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے افغانستان کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے بھرپور جواب دیتا رہے گا۔
G24 News Online قومی دفاع، سیکیورٹی امور اور دشمن کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کرنے والی تمام مصدقہ خبریں اپنے قارئین تک بروقت پہنچاتا رہے گا۔




