تاریخ / مقام: راولپنڈی — جی ایچ کیو
قومی و دفاعی ڈیسک — G24 News Online
تفصیل:
راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان ایک اہم ملاقات منعقد ہوئی۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ISPR) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کشمیر، سندھ طاس معاہدہ اور افغان دہشت گردی زیرِ بحث
ملاقات کے دوران علاقائی استحکام کے تناظر میں کئی اہم امور پر کھل کر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر مسئلہ کشمیر، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد روکنے کے اقدامات اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے معاملات کو خصوصی طور پر زیرِ بحث لایا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی امن کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کلیدی کردار اور گراں قدر خدمات کو اجاجر کیا۔ آرمی چیف نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت میں امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کی تعریف کی۔ دوسری جانب، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور یو این امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
بیلاروس کی سیکیورٹی کونسل کے وفد کی جی ایچ کیو آمد
علاوہ ازیں، بیلاروس کی سیکیورٹی کونسل کے اسٹیٹ سیکریٹری لیفٹیننٹ جنرل الیگزینڈر وولفوویچ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے بھی جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بیلاروس کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا، جبکہ بیلاروسی اسٹیٹ سیکریٹری نے بھی دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بیلاروسی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کلیدی اور مثبت کردار کی بھرپور تعریف کی۔
G24 News Online دفاعی امور، بین الاقوامی سفارت کاری اور تمام اہم قومی خبریں اپنے قارئین تک بروقت پہنچاتا رہے گا۔




