تاریخ / مقام: ڈیرہ اسماعیل خان
قومی ڈیسک — G24 News Online
تفصیل:
ڈیرہ اسماعیل خان میں بدامن اور فائرنگ کے مختلف دلخراش واقعات میں ایف بی آر کے دو ملازمین اور ایک پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
تھانہ یونیورسٹی ٹاؤن کی حدود میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق
پولیس اور ایس ای او کے مطابق پہلا بڑا واقعہ تھانہ یونیورسٹی ٹاؤن کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو افراد کا تعلق فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (FBR) سے بتایا گیا ہے جبکہ دیگر 2 افراد سویلین تھے۔ حملے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
گلستان چوک ہائی وے پر پولیس موبائل پر حملہ
دوسری جانب ڈی آئی خان کے گلستان چوک ہائی وے پر بھی نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ڈیوٹی پر مامور پولیس موبائل کو نشانہ بنایا اور اس پر شدید فائرنگ کر دی۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گیا جبکہ 2 اہلکار شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعات کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے دونوں مقامات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
G24 News Online قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں، سکیورٹی صورتحال اور تمام اہم قومی خبریں اپنے قارئین تک بروقت پہنچاتا رہے گا۔




