تاریخ / مقام: پشاور / کرک
قومی ڈیسک — G24 News Online
تفصیل:
خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کرک سے روانگی کے موقع پر جیل چوک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے ایک پرجوش خطاب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ صوبائی حکومت کسی بھی ایسی غلط پالیسی کا حصہ نہیں بنے گی جو عوام کے مفاد میں نہ ہو، اور انہوں نے طاقتور حلقوں کو واضح طور پر ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ کہہ دیا ہے۔
دہشتگردی اور ملٹری آپریشنز کے خلاف دوٹوک مؤقف
وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرک کے غیور عوام کا ساؤتھ ریجن کے استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ خیبرپختونخوا پر جو دہشتگردی مسلط کی گئی ہے وہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ایک بار پھر پختونوں کا خون بہہ رہا ہے، کاروبار تباہ ہو رہے ہیں اور ملٹری آپریشنز اور ڈرون حملوں کی وجہ سے بے گناہ عوام، پولیس اور فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں۔
وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پر شدید تنقید
سہیل آفریدی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ناسمجھی ہے تو وہ یہ ناسمجھی بار بار کریں گے۔ انہوں نے موجودہ حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ملک پر مسلط کردہ موجودہ سسٹم اور کرپٹ عناصر کی وجہ سے ملک تقسیم ہو رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بند کمروں کے فیصلہ سازوں نے ملک پر ایسی جماعت مسلط کی ہے جس کی قیادت غیر ذمہ دارانہ بیانات دیتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ عمران خان کے کھلاڑی ہیں اور صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عمران خان سے غیر مشروط وابستگی اور صوابی جلسے کی کال
وزیراعلیٰ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دلیری سے جیل کاٹ رہے ہیں اور اگر انہیں اقتدار کی لالچ ہوتی تو ایک دستخط سے باہر آجاتے، مگر وہ نہیں جھکے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان کا واحد لیڈر عمران خان ہے اور حقیقی آزادی کی جنگ انہی کے سنگ لڑی جائے گی۔ سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ پاکستان کے کونے کونے سے لوگ صوابی پہنچیں جہاں تحریک کا آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔
G24 News Online سیاسی ہلچل، قومی امور اور تمام اہم خبریں اپنے قارئین تک بروقت پہنچاتا رہے گا۔




