تحریر و تحقیق ۔۔صالحہ کامران
پنجاب حکومت نے صوبے کی معدنی صنعت کو ترقی دینے اور کاروباری مواقع بڑھانے کے لیے پنک سالٹ فنانسنگ اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔اس سکیم کے افتتاح کے وقت بلا سود لون حاصل کرنے کے لیے 10 کاروباری افراد میں چیک تقسیم کیے۔قرضے کی حد 50 لاکھ سے 5 کروڑ روپے ہے اور واپسی کے لیے 5 سال کی آسان اقساط کا وقت میسر ہے۔ اس اقدام کا مقصد پنک سالٹ سے وابستہ کاروبار، کان کنی، پروسیسنگ اور برآمدات کے شعبے کو مالی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ مقامی صنعت کو مضبوط بنایا جا سکے۔
پنجاب دنیا کے معروف پنک سالٹ ذخائر کا حامل ہے، اور اس قدرتی معدنی دولت کو بہتر انداز میں استعمال کرنے کے لیے حکومت مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ مجوزہ فنانسنگ اسکیم کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کو آسان شرائط پر قرضے یا مالی معاونت فراہم کی جا سکتی ہے، تاکہ وہ جدید مشینری، پروسیسنگ یونٹس اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری میں سرمایہ کاری کر سکیں۔
قائد آباد میں جدید پنک سالٹ پروسیسنگ زون
- پنجاب حکومت نے قائد آباد میں 110 ایکڑ کی زمین پر ایک جدید پنک سالٹ پروسیسنگ زون قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
- اس زون میں عالمی معیار کا انفراسٹرکچر، بلا تعطل بجلی کی فراہمی اور جدید لیب ٹیسٹنگ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پنک سالٹ سے بنی اشیاء
ماہرین کے مطابق پنک سالٹ کی مصنوعات، جن میں خوردنی نمک، آرائشی اشیاء، لیمپس اور دیگر مصنوعات شامل ہیں، عالمی منڈی میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ اگر مقامی صنعت کو مالی سہولتیں اور جدید ٹیکنالوجی میسر آئیں تو برآمدات میں مزید اضافہ ممکن ہے۔
پنک سالٹ فنا نسگ سکیم کے فوائد
اس اسکیم سے نہ صرف معدنی صنعت کو فروغ ملنے کی توقع ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ کاروباری حلقے اس اقدام کو مقامی صنعت اور برآمدات کے لیے مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
حکومتی حکام کے مطابق اسکیم کی مکمل تفصیلات، درخواست کے طریقہ کار اور شرائط کا اعلان متعلقہ اداروں کی جانب سے کیا جائے گا۔ دلچسپی رکھنے والے افراد سرکاری ہدایات اور اعلانات پر نظر رکھ سکتے ہیں۔
یہ اقدام پنجاب کی معدنی دولت کو معاشی ترقی میں تبدیل کرنے اور صنعتی شعبے کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔





Good information